لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نوازلاہور سے لندن روانہ ہوگئیں ۔ کلثوم نواز این اے 120 کے الیکشن کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے پیش ہوں گی اور نہ ہی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے۔
این اے 120 میں ضمنی الیکشن جو ڈرامائی صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے ۔ پاناما فیصلے میں نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونے والے حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے ن لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے الیکشن کمیشن جانے کے بجائے لندن روانہ ہوگئیں۔این اے ایک سو بیس سے ن لیگ کی امیدوار کلثوم نواز لاہور سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 سے لندن روانہ ہوئیں۔ بزنس کلاس میں کلثوم نواز کی سیٹ نمبر ون اے ہے۔کلثوم نواز طبی معائنے کے لئے لندن جا رہی ہیں ان کی واپسی کے لیے 23ستمبر کی ٹکٹ بک کرائی گئی ہے جبکہ این اے 120میں ضمنی انتخاب 17ستمبر کو ہو گا۔کلثوم نواز ضمنی الیکشن کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے لئے الیکشن کمیشن نہیں جائیں گی اور نہ ہی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال کے لئے امیدوارکا خود پیش ہونا ضروری نہیں ، امیدوار کسی کو اتھارٹی لیٹردے کر بھیج سکتا ہے۔سیاسی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہیں جبکہ کلثوم نواز اگر 23 ستمبرکو وطن واپس آئیں تو ان کی غیرحاضری میں ان کی انتخابی مہم کون چلائے گا؟۔کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں این اے 120 سے ن لیگ کے متبادل امیدوار حافظ نعمان ہوں گے۔