لاہور( این این آئی)انڈر پاس سے گر کر زخمی ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر پولیس نے دھکا دیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ذوہیب اپنے دوستوں کے ہمراہ گلبرگ گیا تھا جہاں پولیس نے ہلڑبازی کا بہانہ بنا کر روکا اور رشوت کا مطالبہ کیا۔ انکار کرنے پر اہلکاروں نے ذوہیب کو انڈرپاس کی دیوارسے نیچے گرا دیا
جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 14اگست کو ون ویِلنگ روکنے کیلئے ناکہ بندی کی گئی تھی، کئی لوگوں کو ہلڑ بازی کرنے پر حراست میں لیا گیا، ذوہیب پر تشدد نہیں کیا گیا، اس نے خود چھلانگ لگائی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے۔ ذوہیب کے اہل خانہ نے ابھی تک اہلکاروں کیخلاف کارروائی کیلئے تھانے میں درخواست نہیں دی۔