راولپنڈی (آن لائن)پاکستان کے70ویں جشن آزادی کی رات لیاقت باغ میں تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے مشترکہ جلسے کی انتظامیہ نے لیاقت باغ گراؤنڈ (پنڈال)میں 25ہزارکرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا ہے ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح تک گراؤنڈ میں 15ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں لیکن بعد ازاں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انتظامیہ کو ہدائیت کی کہ 10ہزار کے قریب مزید کرسیاں لگائی جائیں جبکہ جلسہ گاہ کے منتظم و لاہور سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شعیب عادل صدیقی کے مطابق بھی پنڈال میں18ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں
تاہم لیاقت باغ گراؤنڈ کی موجودہ استعداد کے حوالے سے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بغیر کرسیوں کے لیاقت باغ میں 20سے21ہزار افراد کے کھڑے ہونے کی گنجائش جبکہ5ہزار کرسیوں کی گنجائش ہے ،دریں اثناء تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے زیر انتظام لیاقت باغ گراؤنڈ میں مشترکہ جلسے کے دوران سٹیج کے عقب میں نو تعمیر شدہ عمارت پر قائدین کا بینر آویزاں کرنے کے حوالے عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان کے درمیان سرد جنگ چلتی رہی لیاقت باغ جلسے کے منتظم اعلیٰ لاہور سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شعیب عادل صدیقی تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں کے ہمراہ ہفتہ کے روز سے ہی لیاقت باغ پہنچ گئے تھے جہاں پرمرکزی قائدین کے سٹیج ، خواتین کے علیحدہ انکلیوژکی تیاری اور پنڈال کے اطراف حفاظتی دیوار کے علاوہ لائیٹوں اور ساؤنڈ سسٹم سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی مرکزی سٹیج کے عقب میں کاغذی پھولوں سے تیار کردہ 25فٹ چوڑائی اور20فٹ اونچائی کا پرچم تیار کیا گیا تھا تاہم سٹیج کے عقب میں نیشنل کالج آف آرٹس کی حدود میں نو تعمیر شدی 4منزلہ عمارت پر عوامی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ضلعی جنرل سیکریٹری راجہ عماد مشرف نے 30فٹ اونچائی اور20فٹ چوڑائی کا بینر آویزاں کر دیا جس پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ،عوامی مسلم لیگ کے سربرا ہ شیخ رشید احمد کے علاوہ شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین ، شیخ راشد شفیق ، شیخ امین اور خود راجہ عماد مشرف کی تصاویر تھیں بینر آویزاں ہوتے ہی تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر کیا نی اور پی ٹی آئی کے رہنما ساجد قریشی کو انتہائی ناگوار گزرا
جنہوں ے فوری طور پر اعلیٰ قیادت سے رابطے کر کے بینر اتارنے اور تحریک انصاف کے قائدین کی تصاویر پر مبنی نیا بینر آویزاں کرنے پر زور دیا اس دوران ہفتہ کی سہ پہر بینر آویزاں ہونے سے لے کر اتوار کی شام جلسہ سے قبل تک بینر پر سرد جنگ چلتی رہی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے کارکن بینر کی حفاظت کے لئے پہرہ دیتے رہے
ذرائع کے مطابق اس دوران تحریک انصاف کی قیادت نے شیخ رشید احمد سے بھی رابطہ کیا لیکن شیخ رشید احمد نے جواب دیا کہ نہ میں نے یہ بینر بطور خاص لگوایا ہے اور نہ ہی کسی کو اتارنے کا کہہ سکتا ہوں ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی مقامی قیادت نے اس مقصد کے لئے ہفتہ کی رات گئے ایک بڑا بینر ہنگامی طور پر تیار کروایا جسے لے کر جب تحریک انصاف کے کارکنوں نے نیشنل کالج آف آرٹس کی مطلوبہ عمارت پر چڑھنا چاہا توکالج کے سکیورٹی گارڈز نے انہیں سختی سے روک دیا جس پر کارکنان اور گارڈز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم مقامی قیادت نے معاملہ رفع دفع کروا دیا ۔