لاہور( این این آئی)تحریک انصاف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کامیاب سیاسی شو اور آنے والے دنوں میں بھرپور سیاسی سر گرمیاں شروع کرنے کے پیش نظر از سر نو حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے پانامہ کیس میں نا اہلی کے باوجود نواز شریف کی طرف سے ممکنہ طور پر
بھرپور سیاسی سر گرمیاں شروع کرنے کی صورت میں مختلف آپشن پر غور شروع کر دیا ہے اس تناظر میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت مشاورت کرکے از سر نو حکمت عملی وضع کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق مشاورت میں مختلف مقامات پر بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے بارے بھی غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا جی ٹی روڈ سفر اورلاہور میں جلسے کا کامیاب شو سیاسی اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث رہا ۔تعطیل کے روز حجاموں کی دکانوں، ہوٹلوں اورگلی محلوں میں سجنے والے سیاسی تھڑوں پر نواز شریف کاکئی گھنٹوں پر محیط جی ٹی روڈ کے راستے لاہور کا سفر اور بعد ازاں داتا دربار کے باہر کامیاب جلسہ موضوع بحث تھا۔ یہاں بیٹھنے والوں کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سیاسی قوت کامظاہرہ کرنے سے قبل پی ٹی آئی اپنی مقبولیت کے زعم میں مبتلا تھی اور اس کے بعد وہ یقیناًسوچنے پر مجبور ہوئی ہو گی ۔