اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) نواز شریف کا قافلہ مرید کے پہنچا ، انقلاب کے نعرے لگائے گئے ، عوام سے وعدہ لیا گیا کہ وہ ان کے پیغام کیلئے تیار رہیں گے اور جیسے میرا پیغام ملے انقلاب کیلئے نکل پڑنا ۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف مرید کے پہنچے تو انہوںنے خطاب کے وقت ڈائس پر موجود نجی ٹی وی چینل اے آر وائے کا مائیک نیچے پھینک دیا اور پھر تقریر شروع کی ۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ میری نااہلی کا منصوبہ پہلے سے بنالیا گیا تھا۔گوجرانوالہ سے لاہور روانگی سے قبل
میاں نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں جو بھی کرلیتے نااہلی کےمنصوبے پر عمل ہونا ہی تھا کیونکہ میری نااہلی کا منصوبہ پہلے سے بنالیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینا جرم، تولینا بھی جرم ہی ٹھہرتا، سپریم کورٹ کے ججز نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا، اگر اس فیصلے کو عالمی عدالت انصاف میں چیلنج کروں تو عالمی عدالت ایک منٹ میں اسے ختم کردے گی۔