اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)این اے 120میں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں چیلنج ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایڈ ووکیٹ سرفراز شاہ نے الیکشن کمیشن میں کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں نواز شریف کو نا اہل قرار دیا گیا ہے جس کے بعد اب مسلم لیگ ن کا نام الیکشن کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا ،درخواست گزار کا کہنا ہے کہ لفظ ن کا مطلب نواز ہےاور نواز شریف کے حوالے سے سپریم کورٹ نے
قرار دیا ہے کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں اس لئے نواز شریف کا نام الیکشن سمبل کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا ۔درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ کلثوم نواز این اے 120میں مسلم لیگ ن کے نام پر الیکشن لڑرہی ہیں اور انتخابی مہم میں بھی یہ ہی نام استعمال کیا جا رہا ہے لہذا الیکشن کمیشن کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کرے ۔یاد رہے کہ ان کے مقابلے میں تحریک انصاف نے یاسمین راشد کو اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے ۔این اے 120پر ضمنی الیکشن 17ستمبر کو ہوگا۔