لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 14 اگست کے بعد تعلیمی اداروں میں کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کا اعلان کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والی تصویر کے مطابق کاربونیٹڈ کولا اور انرجی ڈرنکس میں موجود فاسفورک ایسڈ اور کیفین بچوں کی نشونما، خصوصاً ہڈیو ں کیلئے نقصان دہ ہے۔پنجاب کے تمام پبلک و پرائیویٹ سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، پرائیویٹ اکیڈمیز اور کوچنگ سینٹرز میں کاربونیٹڈ کولا اور انرجی ڈرنکس کی فروخت
پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہونے کے فوراً بعد یعنی 14 اگست 2017ء سے پابندی پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا جبکہ بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین نور الامین مینگل کی زیر صدارت مئی کے مہینے میں ایک اجلاس کے دوران سکولوں میں کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔