اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن(ر)محمد صفدر نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں آگاہ کیا ہے کہ جے آئی ٹی میں آبدوزوں کی ڈیل، 4ارب روپے کی وصولی، دفاعی معاملات، ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی، والوں کو بھی بلوانے کا بیان دیا تھا، جدہ میں 1500ریل ملنے کا بیان کیسے لیک ہوا، تحقیقات کروائی جائیں، میرے بیان کی پوری ویڈیو پارلیمنٹ میں سنوائی جائے، لگڑ بگڑ شیر کا شکار نہیں کر سکتے، شیر ضرور لگڑ بگڑ کا شکار کرلیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کیا۔ کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ مجھ پر کسی کو قتل کی دھمکی دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے، بے ضمیروں کو کوئی نہیں مرواتا، جن کا ضمیر مر جائے انہیں کون قتل کرواتا ہے،1500 ریال ملنے کا بیان تو میں نے جے آئی ٹی میں دیا تھا، جہاں جدہ میں میرے ذریعہ معاش کے بارے میں پوچھا گیا تھا کہ شریف خاندان کے تمام لوگوں کو جیب خرچ ملتا تھا، مجھے بھی اہلیہ کے دادا جیب خرچ دیتے تھے۔ اولیاء کرام کے مزار پر لاکھوں روپے کے سرسوں کے تیل سے چراغ جلاتے ہیں، یہ 1500ریال کی بات کرتے ہیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ 1500ریال کے جیب خرچ کا بیان تو میں نے جے آئی ٹی میں دیا تھا کیسے لیک ہوا، جے آئی ٹی میں یہ بھی کہا تھا کہ دفاعی معاملات کے ذمہ داران ڈیفنس ہاؤسنگ آبدوزوں کے سودے کرنے والوں کو کیوں نہیں بلایا جاتا، یاد رکھیں شیر لگڑ بگڑ کا شکار کرتا ہے، شیر کا کوئی لگ بگڑ شکار نہیں کر سکتا ہے۔