کراچی (این این آئی)پیپلزپارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر اور صوبائی وزیر منظور وسان کی پیش گوئی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر انہوں نے پیش گوئی کی ہے کہ ہوسکتا ہے کہ نیا وزیر اعظم اسمبلی تحلیل کر کے جلد الیکشن کرائے، نیب کا فیصلہ آنے سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کے روشن امکانات ہیں۔انکل الطاف اور پرویز مشرف کا سیاسی مستقبل روشن نہیں ہے،جھاڑو سے ملک میں ایک اور بڑی صفائی ہونے والی ہے۔
منظور وسان نے کہا کہ اگست، ستمبر اور اکتوبر کے تین ماہ کے دوران بہت اہم فیصلے ہوں گے، احتساب میں بہت سے لوگ نااہل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا حالیہ بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔ آمریت کو جمہوریت پر حاوی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مشرف کے ایسے بیانات سے موجودہ اسٹیبلشمنٹ متاثر نہیں ہو سکتی، ایم کیو ایم پاکستان سمیت دیگر دھڑوں کی قیادت پرویز مشرف کر سکتے ہیں، اس میں مسلم لیگ کے دوسرے دھڑے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔