لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کو گرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن چھانگا مانگا کی سیاست نہیں چلے گی ، مجھے نااہل قرار دلوانے اور میرے خلاف داغدار مہم چلانے میں ناکامی کے بعد مسلم لیگ (ن) وہ سب کر رہی ہے جو اسے مناسب لگتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو فوری طور پر سابق پی ٹی آئی رہنما عائشہ گلالئی
کی بہن اور اسکواش کھلاڑی ماریہ طور پکئی وزیر کو تنقید کا نشانہ بنانے سے روک دیا اور کہا کہ میں تمام پی ٹی آئی کے حامیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عائشہ گلالئی کی بہن کو نشانہ نہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے نااہل قرار دلوانے اور میرے خلاف داغدار مہم چلانے میں ناکامی کے بعد مسلم لیگ (ن) وہ سب کر رہی ہے جو اسے مناسب لگتا ہے۔لیکن اپنے ضمیر کو فروخت کرنے والوں کو بے نقاب ہونے کے لئے چھوڑ دیں ۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت گرانے کے لیے ارکان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے، یقین رکھیں کہ پی ٹی آئی جواب میں ایسی پیشکش نہیں کرے گی اور چھانگا مانگا کی سیاست بھی نہیں چلے گی۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والی رہنما عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر سنگین الزامات لگانے کے بعد پی ٹی آئی ترجمان اور دیگر رہنماؤں نے ان کی بہن ماریہ طور پر تنقید کرنا شروع کردی تھی جو اسکوائش کی کھلاڑی ہیں اور بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ تحریک انصاف میں پارٹی چیئرمین کی وجہ سے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں ہے اور عمران خان نے انہیں 2013ء میں غیرمناسب پیغامات بھیجے۔