راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی ترجمان فیاض الحسن چوہان نے نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں ملنے کا دعویٰ کردیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے الحاق پاکستان مخالف بیان پر دیئے گئے ردعمل پر موبائل فون پر قتل کی مبینہ دھمکیاں ملنے کے بعد پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے تھانہ صادق آباد میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔فیاض الحسن چوہان کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے
میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پاکستان سے الحاق مخالف بیان دینے پر انہوں نے ایک ٹی وی چینل پر راجا فاروق حیدر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔انہوں نے کہا کہ تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد ان کے موبائل فون پر چار مختلف نمبرز سے فون کالز اور پیغامات آرہے ہیں اور نامعلوم افراد انہیں مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ دھمکی آمیز فون کالز اور پیغامات وزیر اعظم آزاد کشمیر کے حواریوں کی جانب سے بھیجے گئے ہیں۔