اسلام آباد (این این آئی)نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے حلف لیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کے سربراہان، اراکین پارلیمنٹ، صوبائی گورنرز، وزراء اعلیٰ اور غیر ملکی سفارتکاروں کے علاوہ اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت نے نومنتخب وزیراعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں
ووٹنگ کے دوران 342 ارکان کے ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نوید قمر نے 47، پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے شیخ رشید نے 33 اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا ۔قائد ایوان منتخب ہونے والے شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف)، نیشنل پارٹی، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ضیا کے ارکان نے بھی ووٹ دیئے۔