اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کی نااہلی، فوج نے کیا، کیا؟ سابق آرمی چیف نے بڑا دعویٰ کر دیا، تفصیلات کے مطابق سابق صدرو آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ میرٹ اور عوام کی خواہشات کے مطابق کیا گیا ہے، یہ بات چیت انہوں نے ایک بھارتی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستانی عوام سے جھوٹ بولا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوتا۔ پاناما کیس کے فیصلے پر سپریم کورٹ کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے،
سپریم کورٹ نے فیصلہ میرٹ پر دیا ہے اس میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے۔ امریکی امداد کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ یہ امداد رک جانے سے پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، مزید کہا کہ امریکہ کے نئے صدر ٹرمپ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے حالات سے پوری طرح واقف نہیں ہیں، انہیں اس خطے کی صورتحال سمجھنا چاہیے، سابق آرمی چیف و صدر پرویز مشرف نے کہا کہ لوگ کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ بھارت کر رہا ہے اس پر اسے شرم آنی چاہیے۔