فیصل آباد (آئی این پی) اپوزیشن کا الائنس تشکیل پا چکا ہے جس میں آل پاکستان مسلم لیگ، سنی اتحاد کونسل ، عوام لیگ اور نیشنل مسلم لیگ شامل ہیں،سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 12اگست کو دھوبی گھاٹ میں بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ تاریخ میں پہلی بار کوئی وزیراعظم کرپشن پر نااہل ہوا ہے۔ پاناما کیس کے فیصلے سے قانون، انصاف اور پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔
گو نواز گو کا نعرہ حقیقت میں بدلنے پر قوم خوش ہے۔ نواز شریف کی نااہلی پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس بھی حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا۔ اپوزیشن کا الائنس تشکیل پا چکا ہے جس میں آل پاکستان مسلم لیگ، سنی اتحاد کونسل ، عوام لیگ اور نیشنل مسلم لیگ شامل ہیں۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور کرپٹ سیاستدانوں سے تنگ ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ نواز شریف نااہل اور کرپٹ انسان ہیں۔ ایک بھائی نااہل ہونے کے بعد اپنے دوسرے بھائی کو ملک لوٹنے کیلئے اقتدار میں لارہا ہے۔ شہباز شریف پر بھی کرپشن کے کیسز ہیں۔ عبوری وزیر اعظم لاکر پارلیمانی اقدار سے کھیلا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل ( ر ) پرویز مشرف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ وزیر اعظم کیلئے اپوزیشن اپنا مشترکہ امیدوار سامنے لائے۔ عمران خان سے انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن کو متحد کرکے تیسری سیاسی قوت سامنے لائیں گے۔گفتگو کے دوران 12اگست کو ہونیوالے دھو بی گھاٹ کے جلسے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔