لاہور( این این آئی)2013ء میں ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ این اے 120سے (ن) لیگ کے امیدوار محمد نواز شریف نے تحریک انصاف کی خاتون امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو 39284ووٹوں کی واضح اکثریت سے شکست دی تھی ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کے نا اہل ہونے کے بعد اس حلقے میں ضمنی انتخاب ہوگا اورپی ٹی آئی نے دوبارہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو بطور امیدوار میدان میں اتارنے کا اعلان کیاہے ۔
جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہو کر این اے 120سے امیدوار ہوں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے یاسمین راشد کو تقریباً چالیس ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی ، نوازشریف کے ووٹ بینک پر پاناما کیس کافیصلہ ضرور اثر انداز ہوگا اور اس کے علاوہ یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن اس اہم ترین انتخاب کیلئے دیگر کتنی جماعتوں کی حمایت حاصل کرسکتی ہیں ۔