اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں شہبازشریف کو وزیراعظم بنائے جانے کے حوالے سے فیصلہ ہوگیا تاہم عبوری پرائم منسٹر کے حتمی فیصلے کے لئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس (آج) ہفتہ کو طلب کرلیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نااہلی کا فیصلہ سامنے آتے ہی محمد نوازشریف وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اور کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ۔
ذرائع مسلم لیگ (ن)کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور اتحادیوں کے ساتھ مشترکا اجلاس میں میاں شہباز شریف کا نام وزارت عظمیٰ کیلئے پیش کیا گیا ۔شہباز شریف سے پہلے درمیانی مختصر مدت کیلئے نئے قائد ایوان کے نام کا فیصلہ (آج)ہفتہ کو مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی شریک ہوئے حکومتی اتحادی مولانا فضل الرحمان بھی جبکہ دوران اجلاس ایک اور اہم اتحادی محمود خان اچکزئی سے بھی ٹیلے فونک رابطہ رہا۔