اسلام آباد(این این آئی) انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن بل 2017 کی منظوری دے دی، جس کے تحت اثاثے غلط ثابت ہونے پر اب رکن پارلیمنٹ کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا جبکہ مجوزہ بل کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے پر اسمبلی رکنیت منسوخ بھی کی جاسکے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق حاصل ہونے والے الیکشن بل 2017 کے مسودے کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کیلئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا طریقہ کار بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔
ارکان پارلیمنٹ پر 30 جون تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازم ہوگا اور الیکشن کمیشن اثاثوں کی چھان بین کیلئے کسی بھی ادارے سے معاونت حاصل کرسکے گی۔مجوزہ بل کے مطابق 60 روز تک اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے والا اسمبلی کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھے گا اس کے علاوہ مجوزہ قانون کے تحت الیکشن کمیشن رکنیت منسوخی کیلئے شوکاز نوٹس جاری کریگا اور کسی رکن کی رکنیت منسوخ ہوگئی تو اسے 30 روز میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق ہوگا