کراچی (آن لائن)شہر قائد میں قائم امریکی قونصل خانے نے اپنے ملازمین اور امریکی شہریوں کو پابند کیا ہے کہ اگلے چند روز کے دوران جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے سفر نہ کیا جائے۔قونصل خانے کی جانب سے امریکی شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر یا اس کے قریب کے علاقوں میں اگلے چند روز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے اس لیے وہاں جانے سے گریز کیا جائے۔
یہ وارننگ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے دی جانے والی دہشت گردی کے خطرے کی رپورٹس کے بعد جاری کی گئی ہے۔ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو جناح ایئر پورٹ کے علاوہ کسی بھی غیر ضروری سفر سے بھی باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پاکستان میں موجود یا یہاں کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے سے گریز کریں اورہجوم کے بھی قریب نہ جائیں۔ علاوہ ازیں امریکی قونصل خانے کے ملازمین پر پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔