اسلام آباد (این این آئی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات تقریباََ ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہی جس میں حکومتی اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس ضمن میں ذرائع نے’’ این این آئی ‘‘کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق تقریبا بارہ بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔
اس دوران چاروں رہنماؤں نے کھانا بھی اکٹھا کھایا اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں اہم ترین معاملہ وزیر داخلہ کی ناراضگی سے متعلق تھا۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں پیر کو ہونے والے دھماکے کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے درمیان متعدد مرتبہ فون پر رابطہ ہوا تھا جس میں سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوتی رہی تاہم بدھ کو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پنجاب ہاؤس اسلام آباد پہنچے اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی ۔
اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چوہدری نثار کو پارٹی اختلافات میڈیا پر نہ لانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی معاملات مل بیٹھ کرحل کیے ہیں، آپ پارٹی کے اہم رکن ہیں اور آپ کی پارٹی کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں،آپ نے لاہور دھماکے کے بعد سیاسی معاملات کو ایک طرف رکھ کر دانش کا مظاہرہ کیا، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میرے اختلافات اصولوں پر مبنی ہیں، میں اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ پارٹی اور ملکی مفاد میں بات کرتا ہوں جب کہ اپنے ضمیر کو فراموش نہیں کر سکتا، وزیراعظم نوازشریف کے دورہ مالدیپ سے واپسی پر وزیراعلیٰ پنجاب وزیرداخلہ سے اپنی ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے جس کے بعد وزیرداخلہ اور وزیراعظم کی ملاقات کا امکان ہے ۔بدھ کو ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے ۔ملاقات میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرداخلہ کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جو تقریباً ساڑھے چار گھنٹے جاری رہی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چوہدری نثار کو پارٹی اختلافات میڈیا پر نہ لانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی معاملات مل بیٹھ کرحل کیے ہیں، آپ پارٹی کے اہم رکن ہیں اور آپ کی پارٹی کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے لاہور دھماکے کے بعد سیاسی معاملات کو ایک طرف رکھ کر دانش کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میرے اختلافات اصولوں پر مبنی ہیں، میں اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ پارٹی اور ملکی مفاد میں بات کرتا ہوں جب کہ اپنے ضمیر کو فراموش نہیں کر سکتا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ چوہدری صاحب آپ پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور تمام معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے چاہیءں ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے دورہ مالدیپ سے واپسی پر وزیراعلیٰ پنجاب وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے اپنی ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے درمیان برف پگھل گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی بھی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ودیگر رہنماؤں نے چوہدری نثار علی خان سے پریس کانفرنس نہ کرنے کی درخواست کی جس پر وزیرداخلہ نے انکار کردیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ کی جانب سے پریس کانفرنس ملتوی نہ کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج (جمعرات) کو وزیرداخلہ سے دوبارہ ملاقات کریں گے ۔