پاراچنار(آئی این پی )پاراچنار شہر میں سیکیورٹی انتظامات پاک فوج کے حوالے کردیئے گئے ، دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے مشقوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ۔23جون کو پاراچنار شہر میں ہونے والے دو خود کش حملوں کے بعد شہر میں تمام سیکیورٹی انتظامات پاک آرمی نے سنبھال لئے ہیں اور شہر میں داخل ہونے والے لوگوں اور گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔پاراچنار شہر میں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے عملی مشقوں کامظاہرہ کیا جس میں فائر بریگیڈ ، ایمبولینس گاڑیوں نے بھی حصہ لیا ۔
عملی مشقوں میں تمام ٹریفک کو روک کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا اور طبی امداد دینے کا بھی مظاہرہ کیا گیا ۔ شہریوں نے پاک آرمی کی جانب سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ جی او سی 7ڈویژن میجر جنرل حسن اظہر حیات پاراچنار سمیت کرم ایجنسی اور پاک افغا ن سرحد کی خود نگرانی کررہے ہیں اور خود مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں