لاہور( این این آئی)حساس اداروں نے بند روڈ کے علاقے میں کامیاب کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے اہم دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ،جبکہ ایک اور کارروائی میں دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار ی عمل میں لائی گئی ہے ،تینوں کو نا معلوم مقام پر منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، خود کش حملہ آور کے سہولت کاروں کی نشاندہی کی بھی اطلاعات ہیں جن کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق حساس اداروں نے بند روڈ کے علاقے میں انتہائی اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد کا ایک بھائی افغانستان میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہے جبکہ دہشتگرد خود یہاں پیغام رسانی کا کام کرتا تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حساس ادارے اس کارروائی کو انتہائی کامیاب قرار د رہے ہیں جبکہ گرفتار دہشتگرد کو مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔بتایاگیا ہے کہ فیروز پور روڈ پر خود کش دھماکے کے بعد حساس اداروں کی طرف سے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں اور اسی دوران دو مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں کو مزید تحقیقات کے لئے نا معلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ فیروز پور روڈ کے سلسلہ میں ہونے والی تحقیقات میں خود کش حملہ آور کے سہولت کاروں کی نشاندہی کی بھی اطلاعات ہیں جن کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔پولیس کی طرف سے کوٹ لکھپت کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا اور اس دوران گھروں ، ہوٹلوں اور سرائے خانوں کو چیک کیا گیا ۔اس دوران مشکوک افراد سے ان کے شناختی کوائف بھی چیک کئے گئے ۔