اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں کرسی اٹھوا دی، بیٹھنے کی بجائے کھڑے ہو کر پریس کانفرنس کی، جب وزیر داخلہ پریس کانفرنس کیلئے ہال میں پہنچے تو ان کیلئے کرسی رکھی گئی تھی تاہم انہوں نے کرسی ہٹا کرڈائس لگانے کا کہا اور انہوں نے کھڑے ہو کر پریس کانفرنس کی, جس کے بعد انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران کوئی وزنی چیز اٹھائی جس کی وجہ سے مسلسل کئی ہفتوں سے کمر میں درد ہے جو اب شدت اختیار کر چکا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کرسی پر بیٹھ کر پریس کانفرنس اسلئے نہیں کی کہ آپ لوگ مجھے اٹھتے اور بیٹھتے وقت ہونے والی تکلیف دیکھ نہ سکیں۔گزشتہ روز طبیعت اتنی خراب تھی کہ میں اٹھ بھی نہیں سکتا تھا اسلئے پریس کانفرنس ملتوی کی۔آج بھی صحت مکمل طور پر ٹھیک نہیں ،وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ 5بجنے کا انتظار کرتے رہے۔ پیر کو وہ دوپہر ایک بجے پنجاب ہاؤس پہنچ گئے تھے اور سوچا کہ میں خود بھی اس کرب سے نکلوں اور میڈیا کو بھی نکالوں۔