لاہور ( این این آئی)فیروز پور روڈ پر دھماکے کے بعد زخمیوں کیلئے خون کے عطیات کی اپیل کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتالوں میں پہنچ گئی ۔ ٹی وی چینلز پر شہریوں سے زخمیوں کیلئے خون کے عطیات کی اپیل کے بعد لاہوریوں کی ایک بڑی تعداد خون کے عطیات دینے سرکاری ہسپتالوں میں پہنچ گئی ۔علاوہ ازیں ممکنہ دہشتگردی کے مزید کسی واقعے سے بچنے کیلئے ہسپتالوں میں بھی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور آنے والے تمام افراد کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔
فیروز پور روڈ پر دھماکے کی اطلاع ملتے ہی لوگ اپنے پیاروں کی تلاش کیلئے گھروں سے نکل پڑے۔تفصیلات کے مطابق فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعدادغم کے عالم میں ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے رشتہ دار ایک دوسرے سے گلے لگ کر اور دھاڑیں مار مار کر روتے رہے جسکی وجہ سے انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔