اسلام آباد(آن لائن)شریف خاندان کیخلاف کرپشن تحقیقات سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل فخرحیات نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے سمری چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کو بھیج دی ہے۔وزیراعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات پر مامور جے آئی ٹی کو بھرپور مدد فراہم کرنے کے بعد ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی فخرحیات نے ملازمت میں توسیع کی سمری ارسال کی ہے۔
فخر حیات اپنی چھٹی دفعہ ملازمت میں توسیع حاصل کرنے پر کافی پرجوش ہیں،فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کا ڈی جی بننے سے قبل وہ لاہور میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدہ سے ریٹائرڈ ہوئے تھے یہ ریٹائرمنٹ2001ء میں ہوئی تھی اب ان کی عمر75سال سے زائد ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے کئی فیصلوں میں قرار دے رکھا ہے کہ ملازمتوں میں توسیع دیتے وقت ملکی قوانین کی پاسداری کی جائے اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان 75سالہ شخص کو ملازمت میں توسیع دیتے ہیں یا نہیں۔