لاہور ( این این آئی) ٹرین ڈرائیورز نے برطرف ملازمین کی بحالی اور تنخواہوں میں اضافے کے لیے آج ( اتوار) سے ملک بھر میں ریل گاڑی کا پہیہ جام کر کے ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹرین ڈرائیورز نے آج اتوار سے ملک بھر میں ریل کا پہیہ جام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حادثات پر ملازمتوں سے برطرف ڈرائیورز کی بحالی اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔
ڈرائیورایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک کوئی ٹرین نہیں چلے گی جبکہ جوائنٹ سیکرٹری انجم صغیر نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 138میں سے128ڈرائیور نے چھٹی کی درخواستیں دے دیں۔واضح رہے اس سے قبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیاہے،آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شمس شاہوانی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا کے قوانین پر عملدرآمد کی آڑ میں موٹر وے اور ٹریفک پولیس کی طرف سے ٹینکرز مالکان کو بلاوجہ تنگ کیا جا رہا ہے۔ شمس شاہوانی نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے تیل کی سپلائی انہی گاڑیوں سے ہو رہی ہے لیکن پہلے کسی کو کوئی خیال نہیں آیا، انہوں نے کہا کہ اگر اوگرا کے مطابق سیفٹی اقدامات کریں،تو ایک گاڑی پر تقریباً 10 لاکھ روپے کا خرچہ آ رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں تقریباً 85 ہزار ٹینکرز کے ذریعے آئل کی ترسیل ہو رہی ہے، ہم نے حکومتی پالیسیوں سے تنگ کر غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ سے آئل ٹینکرز کے 12 حادثے ہو چکے ہیں، سب سے بڑا حادثہ 25 احمد پور شرقیہ میں ہوا، جس میں آئل ٹینکر حادثے کے بعد 200 سے زیادہ لوگ خالق حقیقی سے جا ملے، اس بڑے حادثے کے بعد اوگرا اور موٹر وے پولیس نے قوانین پر عملدرآمد کرانے کے لیے سختی کر رکھی ہے اور آئل ٹینکرز مالکان کو سیفٹی اقدامات کرنے کا کہا جا رہا ہے۔