اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے پاناماکیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کرلی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ والیم دس پبلک کیا جائے ٗسیاسی و پارلیمانی بحران کھڑا کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ جمعہ کو بنی گالہ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا ٗاجلاس میں پانامہ لیکس کیس کی تکمیل کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا۔اجلاس میں شیخ رشید بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی اجلاس کے جاری اعلامیے میں کہا گیاکہ نوازشریف کے پاس جانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ٗوہ کرسی پہلے چھوڑیں یا سزا کے بعد فیصلہ وزیراعظم نے خود کرنا ہے۔اجلاس میں وزیر اعظم کی مبینہ طورپر دھمکی آمیز تقریر اور موجودہ صورتحال میں حکومتی وزراء بیانات کا جائزہ لیا گیا۔پی ٹی آئی اعلامیے میں والیم10پبلک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و پارلیمانی بحران کھڑا کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔