لاہور (این این آئی) سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں نشے کی لت سے پاک کرنے کے لیے طلبا و طالبات کے ڈرگ ٹیسٹ لازم قرار دینے کے لیے قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی میاں خرم جہانگیر وٹو کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ طلبا و طالبات کے ڈرگ ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ بھی لازم قرار دئیے جائیں،
اس سے اصل صورتحال سے آگاہی حاصل ہوگی کہ کتنی تعداد میں طالب علم نشے کی لت میں پڑے ہیں،کتنے طلبا میں کون کون سی بیماریاں ہیں تاکہ ان کے سدباب کے ٹھوس اقدامات کئے جا سکیں۔ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی نشے کی لت سے پاک کرنے کے لیے طلبا و طالبات کے ڈرگ ٹیسٹ لازم قرار دئیے جائیں۔