اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پانامہ جے آئی ٹی عملدرآمد کیس کی سماعت جاری ہے ۔ اسی دوران پی ٹی آئی کے رہنما اور ورکرز کی ایک بڑی تعداد سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے جہاں انہیں سپریم کورٹ میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے ۔ پولیس کے دستے پی ٹی آئی ورکروں کو روکے ہوئے ہیں۔ بول نیوز کی براہ راست نشریات میں پی ٹی آئی ورکروں نے ڈی ایس پی کی جانب سے سپریم کورٹ میں داخلے پر روکے جانے پر کہا ہے کہ ہم ان کے کہنے پر نہیں رکیں گے ، ہم پر امن
طریقے سے کیس سننے آئے ہیں اور اگر پولیس نے ہمیں روکا تو یہاں پر بھی ماڈل ٹائون جیسا سانحہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پاکستان کے سب سے بڑے کیس کی سماعت کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جس نے سپریم کورٹ اور گردونواح میں اہم مقامات کو سیل کر رکھا ہے اور صرف انہی لوگوں کو سپریم کورٹ میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے جن کے پاس داخلے کے پاسز موجود ہیں۔