اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی،سیاسی رہنماؤں ، وکلاء اور میڈیا کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد کورٹ روم میں داخل نہ ہو پائی، شیخ رشید نے اپنی نشست پیپلز پارٹی کے رہنما و سینئر قانون دان لطیف کھوسہ کو دینے کی پیشکش کی۔
پیر کو سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کورٹ روم نمبر 2میں ہوئی، پہلی قطار میں چوہدری شجاعت حسین، راجہ ظفر الحق، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، سراج الحق سمیت دیگر سیاسی رہنما اور حکومت و اپوزیشن جماعتوں کے وکلاء بیٹھے تھے۔ کورٹ روم میں تمام نشستیں پر ہونے کے باعث جب پیپلز پارٹی کے رہنماء و سینئر قانون دان لطیف کھوسہ کمرہ عدالت میں آئے توعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انہیں اپنی نشست دینے کی پیشکش کی جس پر انہوں نے شیخ رشید کا شکریہ ادا کیا۔