ترکی میں فوجی بغاوت کو ناکام ہوئے‘ ایک سال پورا ہو چکا ہے‘ ترک قوم پچھلے دو دنوں سے جشن منا رہی ہے‘اس جشن میں میاں نواز شریف کیلئے بے شمار لیسن پوشیدہ ہیں‘ میاں صاحب کو یہ جاننا ہو گا ترکی کی بغاوت کیوں ناکام ہوئی تھی‘ ناکامی کی پہلی وجہ طیب اردگان کی پرفارمنس تھی‘ اردگان نے جی ڈی پی میں 64 فیصد اور اکنامک گروتھ میں تینتالیس فیصد اضافہ کیا‘ اردگان نے آئی ایم ایف کے سارے قرضے ادا کر دیئے‘ ریزروز 26 بلین سے بانوے بلین ڈالر کر دیئے‘
مہنگائی میں 23 فیصد کمی آئی‘ ہوائی اڈے 26 سے پچاس ہو گئے‘ ساڑھے تیرہ ہزار کلو میٹر نئی ایکسپریس وے بنیں‘ فاسٹ ٹرین بنائی‘ پورا ریلوے بدل دیا‘ بجلی‘ گیس اور پانی پورا کر دیا‘ تعلیم اور علاج مفت اور اعلیٰ کر دیا‘ یونیورسٹیاں 86 سے ایک سو 86 ہو گئیں اور کرنسی اردگان سے پہلے ایک ڈالر میں دوسو بائیس لیرے آتے تھے‘ اردگان کی پرفارمنس سے ڈالر دو لیرے کے برابر ہو گیا‘ دوسری وجہ پولیس تھی‘ اردگان نے پولیس کو اعلیٰ ٹریننگ‘ فری ہینڈ ‘ جدید ترین اسلحہ‘ گاڑیاں‘ بکتر بند‘ ہیلی کاپٹر اور فوج سے بہترفٹ نس دی چنانچہ پولیس نے ڈٹ کر فوج کا مقابلہ کیا ‘ تیسری وجہ اپوزیشن کا کردار تھا‘ اپوزیشن اردگان کی بھرپور مخالفت کے باوجود جمہوریت کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہی چنانچہ فوج کے عزائم کامیاب نہ ہو سکے اور چوتھی وجہ عوام تھے‘ عوام کو اپنے لیڈر پر یقین تھا‘ لیڈر نے عوام کو فون پر باہر نکلنے کا پیغام دیا اور لوگ ٹینکوں کے سامنے لیٹ گئے‘ 265افراد مارے گئے اور یوں یہ بغاوت ناکام ہو گئی‘ میری وزیراعظم سے درخواست ہے ملک میں سازشیں کل بھی ہو رہی تھیں‘ آج بھی ہو رہی ہیں اور کل بھی ہوتی رہیں گی‘ آپ کوان سازشوں سے صرف اور صرف آپ کی پرفارمنس بچا سکتی ہے‘ آپ اگر پرفارم کر رہے ہیں تو پھر کوئی آپ کو ہٹا نہیں سکتا اور آپ کے اگر سارے دعوے کاغذی ہیں تو پھر آپ کو کوئی بچا نہیں سکے گا‘
آپ اگر آج بھی اردگان کی طرح عوام کو اپنی ڈھال بنانا شروع کر دیں تو بھی آپ ہر قسم کی سازش سے بچ جائیں گے ورنہ دوسری صورت میں لوگ ہر سال آپ سے نجات کا دن منایا کریں گے‘ فیصلہ آپ خود کر لیں۔آج جے آئی ٹی رپورٹ پر سماعت کا پہلا دن تھا‘ پی ٹی آئی‘ جماعت اسلامی اور شیخ رشید نے دلائل مکمل کر لئے‘ حکومتی وکیل کل دلائل دیں گے‘
وزیراعظم نے رپورٹ پر 28 اعتراضات اٹھا دیئے‘ حکومت نے ان اعتراضات کیلئے دیر کیوں کر دی اور پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت سے وزیراعظم کی طلبی‘ نااہلی اور نیب میں کیس چلانے کی درخواست کر دی‘ کیا یہ تینوں مطالبات پورے ہو سکتے ہیں؟