لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم محمد نواشریف کو خط لکھ کر جے آئی ٹی میں پیشیوں کے وقت پروٹوکول اور ذاتی بیرونی دوروں پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر رہنما عندلیب عباس نے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھا ہے۔ خط میں جے آئی ٹی میں پیشیوں کے وقت شریف خاندان کے پروٹوکول اور ذاتی بیرونی دوروں پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
خط کے مطابق جے آئی ٹی میں پیشی کے وقت وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کے پروٹوکول پر بالترتیب تین اعشاریہ آٹھ تین ور دو اعشاریہ پانچ چھ ملین روپے کی کثیر رقم خرچ ہوئی۔ شریف خاندان کے تمام افراد جے آئی ٹی میں ذاتی نوعیت کی بنیاد پر پیش ہوئے تھے۔ خط میں پوچھا گیا ہے کہ پی آئی ڈی جو کہ ایک خالصتا قومی اور سرکاری ادارہ ہے اس کو حکومتی وزرا کس بنیاد پر شریف خاندان کے ذاتی دفاع کے لیے استعمال کرتے ہیں؟ وزیر اعظم سے پاناما کیس میں ان کے وکلا کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات 17 فروری کے خط میں مانگی گئی تھیں جس کا جواب آج تک نہیں دیا گیا۔ وزیر اعظم کی طرف سے جواب نہ آنے کا واضح مطلب یہ ہے کہ ان کے وکلا کو قومی خزانے سے فیسیں ادا کر کے قومی خزانے پر ناجائز اور غیر قانونی بوجھ ڈالا گیا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ دو ہزار تیرہ سے آج تک سترہ بار انگلستان جا کر وزیر اعظم نے بیرونی دوروں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔ وزیر اعظم نے تین سال میں اس سے بھی زیادہ بیرونی دورے کیے جتنی بار اوباما نے اپنے پوری مدت میں کیے۔ ان تمام دوروں کے اخراجات کی تفصیلات بتائی جائیں۔ اگر ان اخراجات کا کوئی قانونی ثبوت نہیں ہے تو سپریم کورٹ کو قومی خزانے کی حفاظت کے لیے ازخود نوٹس لینا چاہیے ۔عندلیب عباس کی جانب سے ان تمام سولالات کے جواب 21 یوم کے اندر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔