اسلام آباد(این این آئی )آل پاکستان مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات شہزاد عربی ستی نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل ہم خیال جماعتوں پر مشتمل ’’قومی اتحاد‘‘کے ساتھ مل کر 13اگست کو فیصل آباد میں منعقدہ ایک بڑے جلسے میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔پارٹی سربراہ سید پرویز مشرف جلسے کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
سید پرویز مشرف اپنے خطاب میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔جلسہ کی کامیابی کے لئے پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سرگرم ہوچکے ہیں۔پارٹی راہنماؤں کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کردیں۔جمعہ کو پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد میں منعقدہ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں یہ بات طے کی گئی تھی کہ اے پی ایم ایل اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر فیصل آباد میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔اے پی ایل کے سربراہ سید پرویز مشرف نے پارٹی راہنماؤں سے اپنے خطاب میں واضح طور پرکہا کہ 13اگست کو فیصل آباد میں ہونے والا جلسہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔چنانچہ پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے تمام راہنماؤں کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کر کے انہیں متحرک کرنا شروع کر دیا ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد کسی بھی قیمت پر جلسہ کامیاب کرنے کے لئے سرگرم ہوچکے ہیں۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پارٹی راہنمااور کارکنان اپنے قائدسید پرویز مشرف کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے فیصل آباد میں ایک تاریخی جلسے کا انعقاد کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔