اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شیخ رشید کا جھوٹ پکڑا گیا، شدید شرمندگی کا سامنا، تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے متعلق تقاریر کرنے والے لیگی رہنماؤں کی تقاریر کا سکرپٹ طلب کیے جانے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اپنے بیان سے انکاری ہوگئے، تاہم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق شیخ رشید کا بیان نجی ٹی وی چینل نے نشرکر دیا
جس میں اُنہوں نے جے آئی ٹی کو جاتی عمرہ انویسٹی گیشن اتھارٹی قرار دیا تھا۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام کے میزبان شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ اب حکومتی وزراء کی تقاریر کے ٹرانسکرپٹ منگوائے جا رہے ہیں، اس دوران شیخ رشید جو اس پروگرام میں شریک تھے نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا، اگر کہا ہے تو آپ سنا دیں۔ شیخ رشید احمد کے ان الفاظ پر پروگرام کے میزبان نے کہا کہ میں سنا دوں گا تو آپ کو برا تو نہیں لگے گا۔ جس پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے خوشی ہو گی، آپ دکھا دیں، اگر کہا ہو گا تو کسی اور حوالے سے کہا ہو گا جے آئی ٹی کے حوالے سے نہیں کہا ہو گا۔ شیخ رشید کے اس چیلنج پر میزبان نے اپنے پروگرام میں شیخ رشید احمد کی 21 اپریل کی وڈیو چلا دی جس میں انہوں نے کہا کہ یہ جے آئی ٹی جو انہوں نے بنائی ہے، جاتی عمرہ انویسٹی گیشن اتھارٹی ہے۔ جس پر شیخ رشید کو شدید سرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔