اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف ویسٹ پنجاب کے صدر چوہدری اشفاق ن لیگ میں شامل ہونے کیلئے تیار، چناب ہائوس سے پارٹی پرچم ، عمران خان کی تصاویر والے بینرز اتار دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن نے پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ اور انتشار کا عمل تیز کر دیا ہے۔ تحریک انصاف ویسٹ پنجاب کے سابق صدر چوہدری اشفاق کو جہانگیر ترین گروپ کے ہاتھوں انٹر پارٹی الیکشن میں شکست کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ چوہدری اشفاق ق لیگ کے سابق ضلع ناظم
ٹوبہ ٹیک سنگھ بھی رہ چکے ہیں۔ چوہدری اشفاق نے پارٹی الیکشن اور عہدے ہاتھ سے چلے جانے کے بعد پارٹی کارکنوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور ریجنل آفس سے پارٹی پرچم اور عمران خان کی تصاویر والے بینرز اتار دئیے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کا ریجنل آفس اب واپس چناب ہائوس میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری اشفاق اس وقت ن لیگ کی صوبائی قیادت سے رابطے میں ہیں اور اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے وہ جلد ہی ن لیگ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیں گے۔