اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے سعودی عرب میں مسلم فوجی اتحاد فورم میں سعودی عرب کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کو تقریر کی اجازت نہ دینے اور امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں کو نظر انداز کرنے پر وفاقی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی پر بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،
پیپلز پارٹی نے احتجاج کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرکے احتجاج کی حکمت عملی طے کر لی ہے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے ایوان میں پالیسی بیان بھی دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق منگل سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے سعودی عرب میں مسلم فوجی اتحاد فورم میں سعودی عرب کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کو تقریر کی اجازت نہ دینے اور امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں کو نذر انداز کرنے پر وفاقی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی پر بھرپور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم مندوخیل مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کی جمہوریت کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جب کہ کل بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی پر اپوزیشن جماعتیں بھرپور احتجاج کرینگی ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی پر بھرپور احتجاج کرنے کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کر لیا ہے ۔ بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہو گا ۔
جس میں قومی اسمبلی میں حکومت کے خلاف احتجاج کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے ایوان میں پالیسی بیان بھی دیں گے ۔