اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کی حکومت کی جانب سے سائبر کرائم بل کے مبینہ ‘غلط استعمال کی مذمت کے باوجود وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف منظم مہم میں ملوث افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس کریک ڈاؤن کے دوران نہ صرف اپنے بلکہ حکمراں جماعت کے حامیوں کی گرفتاری پر بھی آواز بلند کی گئی۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ‘ہم نے ایسے درجنوں مشتبہ افراد کی نشاندہی کی ہے جو افواج پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم چلانے میں مصروف تھے، ان میں سے چند افراد کو تحقیق کے لیے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ان کارروائیوں کا حکم ایک ہفتہ قبل وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے دیا گیا تھا۔چوہدری نثار علی خان نے یہ احکامات 10 مئی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ڈان اخبار کی رپورٹ کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کے فیصلے پر کی گئی ٹوئٹ کو واپس لینے کے بعد انٹرنیٹ پر شروع ہونے والے تنقید کے سلسلے کا نوٹس لیتے ہوئے جاری کیے تھے۔