سیالکوٹ(این این آئی)سابق وفاقی وزیرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے مجھے 4 سال تک لاوارث چھوڑے رکھا غیروں کومیری اہمیت کا اندازہ ہے تاہم اپنوں نے غیروں جیسا سلوک کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب منظور وٹو اور سینئر رہنما قیوم سومرو نے سابق وفاقی وزیرفروس عاشق اعوان سے رابطہ کرکے انہیں منانے اور اختلاف ختم کرنے کی درخواست کی تاہم فروس عاشق اعوان نے پارٹی قیادت کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 سال سے پارٹی نے مجھے لاوارث چھوڑے رکھا اور مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ٗپنجاب میں ایک گروہ میرے خلاف کام کررہا ہے، مجھے کسی پارٹی اجلاس میں نہیں بلایا گیا اور نا ہی مجھ سے کوئی مشاورت کی گئی، کسی فیصلہ سازی میں میرا تعاون بھی شامل نہیں کیا گیا تو پھر اب پیپلزپارٹی کو میری یاد کیوں آگئی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میری اپنی سیاسی جماعت نے غیروں جیسا سلوک کیا جبکہ تحریک انصاف جیسی غیر جماعت کومیری اہمیت کاا ندازہ ہے اور پی ٹی آئی والے مجھ سے بار بار اپنی جماعت میں شامل ہونے کی درخواست کررہے ہیں سیالکوٹ میں غیروں کے سروے میں بھی سیاسی طور پر مقبول ہوں تو پھر کیوں نہ میں اپنا سیاسی وارث تلاش کروں۔