لاہور(آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں زراعت، صنعت ، ٹرانسپورٹ ،توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیاگیا ہے۔سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سویڈن اگرچہ چھوٹا ملک ہے تاہم اس کے پاس دنیا کی جدید ترین انڈسٹری اور ہائی ٹیک ٹیکنالوجی موجود ہے۔
پاکستان او رسویڈن صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون اور شراکت کو فروغ دے سکتے ہیں۔پنجاب میں کوڑا کرکٹ سے توانائی کے حصول کے حوالے سے بھی بڑا پوٹینشل موجود ہے ۔ روزانہ ہزاروں ٹن پیدا ہونے والے کوڑا کرکٹ سے بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔اس حوالے سے سویڈن کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا سکتاہے۔وہ جمعرات کو مقامی ہوٹل میں سویڈش بزنس کونسل اور سویڈن کے سفارتخانے کے اشتراک سے ’’سمارٹ سٹیز بائی سویڈن‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔پاکستان میں سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن (Ms.Ingrid Johansson )، صوبائی وزیربلدیات منشاء اللہ بٹ، سویڈن کے اعزازی قونصل جنرل سید بابر علی،پاکستان اور سویڈن کے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں سیمینار میں شرکت کی۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں اس اہم سیمینار کے انعقاد پر سویڈن کی سفیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاشبہ انہوں نے ’’سمارٹ سٹیز ‘‘ کا تصور روشناس کرایاہے۔سویڈن چھوٹا ملک ہے تاہم جدید ٹیکنالوجی سے مالا مال ہے او راس کے پاس دنیا کی بہترین ہائی ٹیک انڈسٹری موجود ہے۔پاکستان اور سویڈن کے مابین معاشی تعاون موجود ہے تاہم اسے وسعت دینے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنے صوبے کے عوام کاخادم ہوں اور عوام کی خدمت ہی میرا اوڑھنا بچھونا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اگرچہ بہترین کام کررہی ہے تاہم مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اس کمپنی کو ابھی بہت کچھ کرناہے اور ہزاروں ٹن پیدا ہونے والے کوڑا کرکٹ کو استعمال میں لاکر بجلی کے حصول کے حوالے سے بھی کام کرناہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا جارہاہے اور پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے شمسی توانائی کا منصوبہ لگایاہے او رجنوبی پنجاب میں لگائے گئے کارخانے سے300میگا واٹ سولر انرجی نیشنل گرڈ میں شامل ہو رہی ہے۔ اس منصوبے کے پہلے 100میگا واٹ کے لئے 6سینٹ فی یونٹ ٹیرف مقررکیا گیاہے جبکہ 200میگا واٹ کے لئے 5.15سینٹ ٹیرف مقرر کیا گیاہے جس سے صارف کو فائدہ ہوگا اور اسے سستی بجلی ملے گی، اسی طرح گیس کی بنیاد پر بھکی میں 1180میگا واٹ کا گیس پاور پلانٹ مکمل کیا گیاہے جس سے ابتدائی طورپر 717میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے۔ اس منصوبے کو ریکارڈ مد ت میں مکمل کر کے عالمی ریکارڈ بنایا گیاہے ۔
اسی طرح بلوکی اور حویلی بہادر شاہ میں بھی منصوبوں پرتیزی سے کام کیاجا رہا ہے۔ 3600میگا واٹ کے گیس پاور منصوبوں سے بھی صارفین کو سستی بجلی ملے گی اور ان تمام منصوبوں میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں توانائی بحران کے باعث پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا تاہم اب موجودہ حکومت کی کاوشوں کے باعث توانائی کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کا ایک اعلی سطح کا وفد حال ہی میں سویڈن کا دورہ کر کے آیاہے اور ٹریفک نظام میں بہتری اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لئے مفید بات چیت ہوئی ہے۔مجھے امید ہے کہ اس ضمن میں پنجاب حکومت اور سویڈن کے مابین اشتراک کار بڑھے گا تاہم سرمایہ کاری او رتجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بزنس ٹو بزنس رابطوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان او رسویڈن کاروباراور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔
وزیراعلی نے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے منصوبے پر عملدرآمد سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں اور بہت سے دوست ممالک اس میں دلچسپی لے رہے ہیں اورکئی دوست ملک سی پیک میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری ، آرام دہ ،محفوظ او رباکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ لاہور ،راولپنڈی ، اسلام آباد او رملتان میں میٹروبس سروس شہریو ں کو سہولتیں فراہم کررہی ہے۔فیصل آباد میں بھی میٹروبس سسٹم کا آغاز کیا جا رہاہے جبکہ لاہو رمیں شروع کی گئی سپیڈو بس سروس کا دائرہ صوبے کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت اور سویڈن ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی اشتراک بڑھا سکتے ہیں۔ہم سویڈن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں او ران کے تجربات او رٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔پاکستان میں سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے او رسیمینار کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اعزازی قونصل جنرل سیدبابر علی نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔