منڈی بہاوالدین،ملتان ،لودھراں، بھکر(آن لائن)ملک کے مختلف شہروں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کی جس میں 10افغان باشندوں سمیت74 افراد کو حراست میں لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق منڈی بہاالدین میں رینجرز اور حساس اداروں نے
شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10افغان باشندوں سمیت 34 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔لودھراںمیں قانون نافذ کرنے والوں نے بستی پکا میں 12گھروں کی تلاشی لی جہاں سے 11مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔حافظ آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 6ملزمان کو گرفتار کیا جن سے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد ہوئی ۔ حراست میں لئے گئے دیگر 21مشتبہ افراد کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد چھوڑدیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق بھکر میں منکیرہ اور سرائے مہاجر میں سرچ آپریشن میں24افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ملتان میں تھانہ قطب پورہ کے علاقے میں قانون نافذکرنیوالے اداروں اورپولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کے دوران علاقے میں مستقل رہائش پذیر اور کرائے کے مکان میں رہائش اختیار کئے ہوئے افراد 90افراد کی بائیومیٹرک تصدیق اور باالخصوص کرایہ داری ایکٹ کے تحت کرایہ داروں کے شناختی کوائف کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس نے علاقے سے 4افراد کو مشکوک جانتے ہوئے حراست میں لے لیا جن کی نشاندہی پر اسلحہ بھی بر آمد کرلیا گیا ۔ تاہم پولیس نے زیر حراست افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔