اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی مسلح افواج کے سر کا تاج ، پوری پاکستانی قوم کے دلوں کی دھڑکن پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی گولڈن جوبلی تقریبات شروع۔ امیر البحر کا خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل سروسز گروپ کے یوم تاسیس کے موقع پر امیر البحر ایڈمرل ذکااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور قابل اعتماد ہاتھوں میں ہے۔
ہمارے خصوصی دستے کسی بھی طرح کے حالات میں زیر آب اور سطح آب پر کارروائیوں کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ آج سے پچاس برس قبل پاک نیوی کے سپیشل سروسز گروپ کی بنیاد ڈالی گئی جس نے نہایت کم وقت میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت کا لوہا نہ صرف منوایا بلکہ دنیا کو یہ بھی بآور کروایا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ناقابل تسخیر ہے۔ پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی تربیت انتہائی سخت مراحل میں ہوتی ہے جس سے گزر کر وہ کندن بن جاتے ہیں اور اس بات کا اعتراف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پاکستانی ایس ایس جی کمانڈو کی صلاحیتوں کا لوہا دنیا مانتی ہے۔ ایک آسٹریلوی ویب سائٹ ’’بزنس انسائڈر‘‘ نے دنیا کی بہترین ایلیٹ فورسز میں پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کو سرفہرست رکھا ہے۔ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کا یہ خصوصی دستہ موسم کی سختی کو جھیلنے، دشمن کے شدید حملے کو غیر موثر کرنے اور مشکل حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار کیا جاتا ہے۔ ایس ایس جی کے نام سے پہچانا جانے والا یہ خصوصی دستہ ایسے دشوار گزار علاقوں میں بھی ناقابل یقین کارنامے انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے
جہاں کوئی اور شخص جانے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ پاکستانی افواج کا خصوصی دستہ ایس ایس جی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر دنیا بھر میں مشہور ہے اس کی تربیت کے دوران سب سے سخت مرحلہ 12گھنٹوں دشوار گزار علاقے میں 36کلومیٹر کا نائٹ مارچ اور بیس منٹ میں 5کلومیٹر کی دوڑ شامل ہوتی ہے۔ غیر ملکی ویب سائٹ کے اس خراج تحسین کی بلاشبہ
ایس ایس جی مستحق ہے ، آپریشن راہ نجات ہو یا ضرب عضب یا ملک میں جاری حالیہ آپریشن ردالفساد ، سیاہ چن کی برف پوش پہاڑیاں ہوں یا زیر آب کوئی مشن ایس ایس جی نے ہمیشہ ملکی وقار کو بلند رکھا اور ملکی دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔ پاکستانی کمانڈوز کی پیوچار جیسے مشکل اور سخت محاذ پر دہشتگردوں کو عبرت ناک شکست نے دنیا کو یہ کہنے پر مجبور کر دیا کہ پاکستان کا دفاع قابل اعتماد اور ناقابل تسخیر ہے۔