لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب پولیس میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل دین محمد نے ڈی پی او آفس کے باہر لگائے گئے پھلوں کے ٹھیلے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے سچ بولنے پر نشان عبرت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، اب چند دن ہوئے کہ پنجاب حکومت نے میری تنخواہ بھیجی ہے لیکن میں 9 ویں گریڈ میں ہوں اور مجھے تنخواہ ساتویں گریڈ کی دی گئی ہے۔ تنخواہ میرا حق ہے اور جب میں
نے اس حق کو مانگا تو مجھ پر تشدد کیا گیا۔ ان تشدد کرنے والے لوگوں پر نہ کوئی ایف آئی آر درج ہوئی اور نہ ان کیخلاف کوئی کارروائی کی گئی۔ میں پاکستانیوں کیلئے آواز اٹھائوں گا، الیکشن ریفارمز، پولیس ریفارمز، بے روزگاری کے خاتمے کیلئے میں آمدہ انتخابات میں ہر اس جگہ سے شہباز شریف کے خلاف الیکشن لڑوں گا جہاں سے شہباز شریف کھڑے ہوں گے۔ دین محمد نے کہا الیکشن لڑنے کیلئے میں نے چندہ مہم بھی شروع کر دی ہے اور لوگ اس سلسلے میں مجھے پیسے دے رہے ہیں۔