اسلام آباد (آئی این پی) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افغانستان میں بڑا فوجی آپریشن ناگزیر ہے‘ قوم مصیبت میں ہے وزیراعظم گانے گا رہے ہیں‘ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی بجائے سول عدالتوں اور سسٹم کو مضبوط کیا جائے۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس وقت کشمیری بھائیوں پر ہونے والے
ظلم و ستم ‘ دہشت گردی سمیت ہر چیز بھولی ہوئی ہے صرف اور صرف پانامہ کیس یاد ہے۔ قوم عریب سے غریب تر ہورہی ہے مسائل بڑھتے جارہے ہیں تاہم وزیراعظم گانے گا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ججز کو سکیورٹی دینے میں ناکام ہوچکی ہے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی بجائے سول عدالتوں اور سسٹم کو بہتر کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جوان سینہ سپر ہیں۔