اسلام آباد (آئی این پی )وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان افغانستان کیساتھ باہمی تعاون اور معنی خیز اشتراک چاہتاہے۔ دہشتگردی دونوں ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی احترام ،خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر مشتمل ہونے چاہیے، دہشتگردپوری انسانیت کے دشمن ہیں اور پاکستان دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے غیرمتزلزل عزم
رکھتاہے، وزیراعظم محمدنوازشریف خطے کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتے ہیں۔وہ منگل کواسلام آبادمیں افغان صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہی تھیں۔ وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے یقین ظاہرکیاکہ دونوں ملکوں کا میڈیا امن ،رواداری اور پرامن بقائے باہمی کوفروغ دینے کیلئے کردار ادا کرسکتاہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیاکہ ذرائع ابلاغ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر منیجمنٹ پر عمل در آمد اور شفاف سیکیورٹی کیلئے بھی کردار ادا کرے گا، افغان میڈیا وفد کے دورے سے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے میں مددملے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ دہشتگردی دونوں ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی احترام ،خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر مشتمل ہونے چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ دہشتگردپوری انسانیت کے دشمن ہیں اور پاکستان دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے غیرمتزلزل عزم رکھتاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف خطے کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتے ہیں، افغانستان میں امن واستحکام پاکستان کے مفاد میں ہے اور افغانستان میں استحکام پاکستان کیمعاشی ترقی کے ایجنڈے میں معاون ثابت ہوسکتاہے ۔وزیراطلاعات نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان
کے ذرائع ابلاغ کو خطے میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ دونوں ملکوں اورخطے کے عوام ایک دوسرے کے قریب آسکیں۔