اسلام آباد ( آئی این پی ) پاکستان میں دینی جماعتوں کی سیاسی ، جمہوری اور پارلیمانی جدوجہد سے یورپی اور مغربی ممالک کو آگاہ کرنے کے لئے اہم ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ ملک گیر دینی جماعت جمعیت علماء (ف) کی طرف سے کیا گیا ہے خیال رہے کہ اس دینی جماعت کی طرف سے حال ہی میں 32 اسلامی ممالک کے سفیروں کو پاکستان میں دینی جماعتوں کی سیاسی و جمہوری
جدوجہد پر بریفنگ دی گئی ۔ اگلے مرحلے میں اس قسم کی بریفنگ کا اہتمام مغرب اور یورپی ممالک کے سفراء کے لئے کیا جائے گا اور اس بارے میں تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ ان بڑے ممالک کے سفیروں کو آئندہ ماہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے صد سالہ بین الاقوامی اجتماع کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی اور اس اجتماع کے مقاصد سے ان سفیروں کو آگاہ کیا جائے گا ۔ بین الاقوامی سیشن میں شرکت کی دعوت بھی متوقع ہے ۔