کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے انتہائی بااحترام سماجی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے و ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ انہیں ایدھی ہوم میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔دھمکی دینے والے ملزمان نے تقریباً 2 سال قبل میٹھادر کے ایدھی ہوم میں لگ بھگ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے نقد اور سونے کے زیورات کی ڈکیتی کی تھی۔فیصل ایدھی کو یہ
دھمکی متعلقہ عدالت میں ملزم کے خلاف کیس کی سماعت کے فوری بعد موصول ہوئی۔ڈان سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ’میں اور میرے وکیل سٹی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد جیسے ہی باہر آئے ڈکیتی کے ملزمان جمشید، سلیم اور عمران نے مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’ملزمان نے مجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ڈکیتی کے واقعے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا، تمہاری جان بھی جا سکتی ہے‘فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ بعد ازاں انہوں نے اپنے وکلا کے ہمراہ متعلقہ پولیس اسٹیشن جاکر دھمکی کے خلاف شکایت درج کرادی۔ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان نے فیصل ایدھی کی جانب سے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں دھمکی کی شکایت درج کرانے کی تصدیق کی۔