اسلام آباد(آئی این پی )نیب نے پلاٹ سکینڈل میں صدر مملکت ممنون حسین کے سیکرٹری شاہد خان کو طلب کر لیا ہے ، شاہد خان نے نیب میں جاری انکوائری رکوانے کیلئے ملک کی انتہائی اہم شخصیت سے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو سفارش کروائی تاہم چیئرمین نے انکوائری بند کرنے سے انکار کردیا ۔ شاہد خان نے اختیارات کا ناجائر استعمال کرتے ہوئے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن سے رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ الاٹ کروا
کر فوری طور پر فروخت کردیا تھا ۔ بدھ کو معتبر ذرائع کے مطابق نیشنل پولیس فاؤنڈیشن سے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ لینے پر نیب نے شاہد خان کو بار بار طلب کیا لیکن وہ نیب کے تفتیشی افسران کے سامنے پیش نہیں ہو رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق شاہد خان نے جب سے سیکرٹری ٹو پریذیڈنٹ کا عہدہ سنبھالا ہے اس وقت سے وہ نیب کے خطوط کا جواب نہیں دے رہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں شاہد خان نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو ملک کی انتہائی اہم شخصیت سے انکوائری بند کروانے کی سفارش کروائی تاہم چیئرمین نیب پلاٹس سکینڈل سے متعلق تمام حقائق اس شخصیت کے سامنے رکھے اور کہا کہ شاہد خان کے خلاف جاری انکوائری کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے کیونکہ شاہد خان اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے کمرشل پلاٹ حاصل کیا جو ان کا حق نہیں تھا ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی طرف سے سفارش نہ ماننے پر اس شخصیت نے حقائق دیکھ کر شاہد خان کے خلاف جاری انکوائری کو بند کرانے سے بھی معذرت کر لی ہے ۔ واضح رہے کہ شاہد خان جب سیکرٹری داخلہ تھے تو اس وقت وہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بھی تھے اور بطور چیئرمین ان کو پولیس فاؤنڈیشن کا ایک رہائشی پلاٹ ملنا تھا تاہم انہوں نے پولیس فاؤنڈیشن کی انتظامیہ سے مل کر رہائشی کی بجائے کمرشل پلاٹ لے لیا تھا
اور اس پلاٹ کو فوری طور پر 5کروڑ روپے میں فروخت کر دیا تھاجس پر شاہد خان کے خلاف نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال کی انکوائری شروع کی تھی ۔