اسلام آباد(آئی این پی )خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے سابق نائب صدر خواجہ محمد خان ہوتی نے اسلام آباد میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر کے پی کے صوبائی صدر ہمایوں خان، جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی، حاجی نواز کھوکھر، سردار احمد خان سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے خواجہ محمد خان ہوتی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے فیصلے کو سراہا۔ خواجہ محمد خان ہوتی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جو اپنے کارکنوں کی عزت اور انہیں جائز مقام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے کے پی کے عوام کو اپنی شناخت دی ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وہ بینظیر بھٹو کا پاکستان بنانے کی جدوجہد میں شریک ہیں۔