اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خواتین کا عالمی دن پوری دنیا میں ہر سال 8مارچ کو منایا جاتا ہے ۔یہ دن منانے کا مقصد خواتین کی زندگی کے معاملات میں اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے ۔ دنیا بھر میں یہ دن مختلف طریقوں سے منایا جاتا ہے ۔تاریخ کا پہلا خواتین کا عالمی دن 28 فروری 1909 کو منایا گیا اور
یہ دن 1908میں ہونے والے ایک احتجاجکی یاد میں منایا گیا تھا۔یہ احتجاج خواتین مزدوروںکی جانب سے کیا گیا تھا اور امریکا کی سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے اس دن کی یاد میں ہی پہلا خواتین کا دن منایا گیا تھا۔اُ س کے بعد اگست 1910میں ڈنمارک میں ہونے والی خواتین کانفرنس جس میں 17ممالک کی100نمائندہ خواتین نے شرکت کی میں امریکی سماجی کارکن لوئس زیٹزاورکلارا زیٹکن نے خواتین کا عالمی دن منانے کے لیے تجویز پیش کی جس کو کانفرنس میں موجود نمائندہ خواتین اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔تاہم اس کانفرنس میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے کوئی تاریخ تجویز نہیں کی گئی تھی۔ 1914سے قبل خواتین کا عالمی دن مختلف تاریخوں میں منایا جاتا رہا لیکن 1914میں پہلی دفعہ یہ دن 8مارچ بروز اتوارکو منایا گیا اور اُس کے بعد آج تک یہ دن 8مارچ کو ہی منایا جاتا ہے ۔مـغربی خواتین نے اس دن کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے استعمال کیا اور کامیابیاں حاصل کیں جن میں ووٹ کے حق کا اختیار سب سے اہم ہے۔دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یہ دن خواتین کے سماجی، معاشرتی کردار اور ان کے حقوق کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔