اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حویلیاں طیارہ حادثے کو تین ماہ کا عرصہ بیت گیا تاہم حادثے میں جاں بحق ہونے والے عملہ کے افراد کی آخری رسومات انتظامیہ کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث تاحال ادا نہ کی جا سکیں۔ تفصیلات کے مطابق حویلیاں طیارہ حادثے کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم حادثے میں جاں بحق ہونے والے عملے کے افراد کیباقیات انتظامیہ کی غفلت کے باعث ابھی تک حویلیاں تھانے میں پڑی ہیں اور ان کی آخری رسومات بھی ادا نہ کی جا سکی ہیں۔ یاد رہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق عملے کے افراد سے متعلق تحقیقات کیلئے ان کی باقیات کو کیمیکل ایگزام ہونا ضروری تھا جس میں پتہ چلانا مقصود تھا کہ آیا عملے کے کسی فرد نے کوئی نشہ آور چیز تو دوران پرواز استعمال نہیں کی یا انہیں کوئی زہر آلود چیز تو نہیں کھلائی گئی۔حویلیاں تھانہ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اتنے فنڈز نہیں کہ وہ کیمیکل ایگزامنر کی فیس ادا کر سکیں لہٰذا عملے کے افراد کی باقیات کے بیگز تھانے میں ہی پڑے ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس کے پاس 4بیگز میں عملہ اراکین کی باقیات موجود ہیں جس کے کیمیکل تجزیہ کیلئے 20ہزار روپے کی رقم درکار ہے مگر انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے جہاں تحقیقات مکمل نہ ہو سکی ہیں وہیں عملے کے افرادکی آخری رسومات بھی ادا نہ ہو سکی ہیں۔