اسلام آباد (آئی این پی ) وزارت داخلہ نے بلوچ علیحدگی پسند براہمداغ بگٹی اور کالعدم بی ایل اے کے محمد شیر عرف شیرا کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کی منظوری دیدی، براہمداغ بگٹی اور محمد شیر عرف شیرا کے ریڈ وارنٹ محکمہ داخلہ بلوچستان کی درخواست پر جاری کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق براہمداغ بگٹی اور محمد شیر عرف شیرا کے خلاف بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمات درج ہیں اور انسداد دہشت گردی کی مقامی عدالت میں براہمداغ کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے ۔
عدالتی حکم پر محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایک سال قبل براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کے لئے وزارت داخلہ سے رجوع کیا تھا تاہم وزارت داخلہ نے اعتراضات لگا کر محکمہ داخلہ بلوچستان کی سمری واپس کردی تھی ۔ اب وزارت داخلہ نے براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کی منظوری دیدی ہے ۔ ایف آئی اے ملزم کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹر پول سے رابطہ کرے گی۔ واضح رہے کہ براہمداغ بگٹی سوئٹزرلینڈ میں مقیم ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کالعدم بی ایل اے کے محمد شیر عرف شیرا کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔